فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہداء اسیران فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جزیرہ نما النقب میں فلسطینی اسیران نے حماس کے کمانڈر مازن فقہا کی یاد میں تعزیتی کیمپ لگایا۔
شہید کی یاد میں تعزیتی کیمپ لگانے پر صہیونی فوج نے فلسطینی اسیران کو تشدد کا نشانہ بنایا اور تمام اسیران کو ایک جگہ جمع ہونے سے روک دیا گیا۔
انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق مازن فقہا کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کی پاداش میں صہیونی جیل انتظامیہ نے اسلامی جہاد کے رہنما جمعہ عبداللہ التایہ اور حماس کے تین اسیران کو قید تنہائی میں ڈال دیا۔ قید تنہائی میں ڈالے گئے حماس کے اسیران کی شناخت نہیں ہوسکی۔
صہیونی فوج نے جیل کے وارڈ نمبر 5 سے حماس اور اسلامی جہاد کے تمام اسیران کو نکال کر وارڈ نمبر 22 میں ڈال دیا، تاہم فلسطینی اسیران نے صہیونی انتظامیہ کی کارروائی کو انتقامی سیاست قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔