الخلیل – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید کیے گئے فلسطینیوں کے جسد خاکی ان کے ورثاء کو نہ دینے اور شہداء کی تدفین روکنے کی سازشوں پر فلسطینی عوام سراپا احتجاج ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہداء کے ورثاء اور دیگر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر شہداء کے جسد خاکی جلد ازجلد ان کے لواحقین کے حوالے کرنے کے مطالبات درج تھے۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں پچھلے ایک سال سے شہید کیے گئے ڈیڑھ درجن فلسطینی شہریوں کے جسد خاکی اس وقت بھی اسرائیلی فوج کی تحویل میں ہیں۔ شہداء کے ورثاء اور ان کے والدین مسلسل اپنے پیاروں کے جسد واپس کرانے اور ان کی تدفین کے لیے احتجاج کررہے ہیں۔
اسرائیلی فوج کی تحویل میں اس وقت بھی 17 فلسطینی شہداء کے جسد خاکی موجود ہیں۔ ان میں سے 11 شہداء کا تعلق غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل سے ہے۔