نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی آباد کاروں کی شرپسندانہ کارروائیاں جاری ہیں۔ گذشتہ روز غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں عوریف کے مقام پر صیہونی آباد کاروں نے گھروں کے باہر کھڑی گاڑیوں کے ٹائر پنکچر کردیے اور گاڑیوں پر اور گھروں کی دیواروں پر عبرانی زبان میں نسل پرستانہ نعروں کی چاکنگ کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی سماجی کارکن غسان دغلس نے بتایا کہ ’یتسھار‘ صیہونی کالونی کے آباد کاروں نے جنوبی نابلس میں عوریف کے مقام پر فلسطینی شہریوں کی گاڑیوں کے ٹائر پنکچر کردیے اور گاڑیوں پر عبرانی زبان میں فلسطینیوں، مسلمانوں اور عربوں کے خلاف نفرت آمیز نعروں کی چاکنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ صیہونی آباد کاروں نے مقامی شہریوں غالب رضوان احمد، عامر اور ان کے بیٹے محمود کی گاڑیوں کو پنکچر کردیا۔
خیال رہے کہ صیہونی آباد کاروں کی طرف سے فلسطینیوں کی املاک پر حملوں کا سلسلہ روز کا معمول ہے۔ آئے روز صیہونی شرپسند فلسطینیوں کی گاڑیوں، گھروں اور دیگر املاک پر حملے کرکے انہیں نقصان پہنچاتے ہیں۔