اسرائیلی فوج نے شام کی سرحد کے ساتھ ایک ٓغیرآباد علاقے میں جنگی مشقیں شروع کی ہیں، جس میں بڑی تعداد میں بری اور فضائی فوج حصہ لے رہی ہے۔
یہ جنگی مشقیں مقبوضہ وادی گولان میں جاری ہیں۔ ان علاقوں پر اسرائیل نے سنہ انیس سو ستاسٹھ کی جنگ میں قبضہ کیا تھا۔
مقامی عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے وادی گولان اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں فوج کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ صہیونی فوج کی گاڑیوں کی بڑی تعداد کو بھی علاقے میں گشت کرتے اور زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی گئی ہیں۔
ادھر صہیونی فوج کے ترجمان کا ایک بیان عبرانی ذرائع ابلاغ نے نقل کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ فوج کو اس علاقے میں جنگی مشقیں کرانے کا مقصد علاقے کی حساسیت کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ یہ مشقیں اس لیے کی جا رہی ہیں تاکہ مسقبل میں بننے والے کسی بھی منظرنامے میں صہیونی فوج کو تیار رکھا جا سکے۔
اسرائیلی فوج کے ایک دوسرے عہدیدار ٹامیر ھائیمان نے دور روزقبل کہا تھا کہ اسرائیلی فوج کو ملک کی سرحدوں پر سنگین نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں۔ اب اسرائیل کی سرحدی پہلے سے زیادہ غیر محفوظ ہوتی جا رہی ہیں جس کے لیے فوج کو مزید تیار رکھنا ضروری ہے۔
