شام کےشہر درعا میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ پر تازہ بمباری میں کم سے کم پانچ فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت خطرے میں ہے اور شہرمیں ادیہ کا بھی شدید بحران پایا جا رہا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق درعا میں فلسطینی پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر منگل کے روز گولے گرنے سے کم سے پانچ فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہداء کی شناخت حسان ترعانی، محمود خلیفہ، محمد فریج، وائل حمدان ابو العجر اور عبداللہ البودی المصری کے ناموں سے کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شام میں صدر بشارالاسد کی حامی اور مخالف فوجوں کے درمیان لڑائی کے دوران کئی گولے فلسطینیوں کے کیمپ پرگرے،جس سے کئی مکانوں کو آگ لگ گئی۔ گولہ باری سے کئی خواتین اور بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔ شہرمیں مسلسل لڑائی کے باعث زخمیوں کے علاج معالجے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اسپتالوں میں طبی عملہ اور ادویہ نہ ہونے کے باعث مریض اور زخمی زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔
خیال رہے کہ شام میں صدر بشارالاسد کےخلاف عوامی بغاوت کی تحریک کے زور پکڑنے کے بعد فلسطینیوں کی خیمہ بستیوں پر درجنوں بار حملے کیے جا چکے ہیں جن میں سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں اوران کی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
