شام کی فوج نے دارالحکومت دمشق میں فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپوں یرموک اور حسینیہ پر حملے کیے ہیں، شامی فورسز کی فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں آ کر چار فلسطینی شہید ہو گئے ۔
”ورکنگ گروپ برائے شامی فلسطینی” کا کہنا ہے کہ فلسطینی پناہ گزیں کیمپوں کی یونین نے آئے روز کے شامی فوج کے حملوں میں دمشق میں واقع تمام کیمپوں کو آفت زدہ قرار دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
ورکنگ گروپ نے بدھ کے روز شام کی سرکاری فورسز کے حملوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یرموک کیمپ میں فلسطینی نژاد ندیم خالد الغنیم کو بہیمانہ تشدد کر کے شہید کیا گیا۔ یرموک کیمپ میں ہی پیدا ہونے والے نوجوان اسامہ سھیل کو اس وقت اندھا دھند فائرنگ نشانہ بنایا گیا جب وہ حجیرہ کے علاقے میں کام کے لیے جا رہا تھا۔ حسینیہ کیمپ کا کامل شاویش اپنے گھر پر کی گئی گولہ باری کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔ حسینیہ کیمپ سے تعلق رکھنے والے عوض احمد کیمپ پر کی گئی گولہ باری کے دوران آنے والے زخموں کی تاب نہ لا سکا۔
ورکنگ گروپ برائے فلسطینی پناہ گزیں نے بتایا کہ ج صبح الحسینیہ کیمپ پر گولہ باری کی گئی۔ یرموک کیمپ میں بھی جیش الحر اورشامی سرکاری فوج کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں، یرموک روڈ سے لیکر شاہراہ فلسطین پر واقع بلدیہ کے ہیڈ کوارٹر تک جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہا۔ دونوں جانب سے ہلکے اور درمیانی درجے کے اسلحے کا استعمال کیا گیا۔
السبینہ کیمپ میں السکہ کے علاقے میں ایک کار دھماکے سے تباہ ہو گئی ، جس سے ارد گرد موجود املاک کو بھاری مالی نقصان ہوا تاہم کسی فرد کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں۔ السبینہ کیمپ میں اس وقت خوراک اورگرم کپڑوں کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ، کیمپ کے رہائشیوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
