جنرل کمان کے مطابق اس کارروائی کا مقصد مصر کی سرحدوں پر موجود کسی بھی غیر قانونی راستے کو بند کرنا ہے تاکہ انتہاء پسند عناصر اور مسلح تنظیموں کے تعاون سے مصری قومی سکیورٹی کو کوئی خطرہ درپیش نہ رہے۔
مصری عسکری ذرائع کے مطابق مصری فوج کے سربراہ عبد الفتاح سیسی نے واضح طور پر فوج کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ بریگیڈئر طاہر عبد اللہ کو ضروری آلات اور ہیوی مشینری استعمال کرتے ہوئے مصر اور غزہ کی سرحد پر واقع تمام سرنگوں کو انتہائی قلیل عرصے میں تباہ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ کسی کو بھی مصری قومی سکیورٹی اور قوم کی تقدیر سے کھیلنے کا موقع نہ ملے اسی طرح مصر میں پٹرول اور توانائی کے بحران کی موجودگی میں پٹرول اور خوراک کو غزہ کی پٹی برآمد نہ کیا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ جنرل کمان نے مسلح افواج اور خفیہ اداروں سے رفح کراسنگ کے ذریعے گزشتہ چھ ماہ کے دوران غزہ سے مصر داخل ہونے والے عناصر کی نگرانی کرنے کا بھی کہا ہے۔ اس سب کا مقصد کسی بھی انتہائی پسند حلقے سے تعلق رکھنے والے کسی شخص کی تلاش کرنا ہے۔ اسی طرح صحرائے سینا میں موجود غیر ملکیوں کو چھان بین کرنا ہے۔ تازہ احکامات کے بعد تمام قانونی دستاویزات اور مصری وزارت داخلہ اور تمام سکیورٹی اداروں کی کلیئرنس لے کر صحرائے سینا میں موجود افراد بھی زیر عتاب آجائیں گے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
