(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں ایک بچی کو حراست میں لیا ہے جس پر اپنے پرس میں چاقو چھپانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ادھر بیت المقدس ہی میں سے دو بچوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن پر یہودی ٹرین پرسنگ باری کا الزام ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلسطینی لڑکی کو مشرقی بیت المقدس میں باب العامود کے مقام سے حراست میں لیا گیا، تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔ حراست میں لی گئی لڑکی کے قبضے سے ایک چاقو برآمد کیا گیا ہے۔ حراست میں لینے کے بعد فلسطینی لڑکی کو تفتیش کے لیے کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ادھر بیت المقدس کے شمالی قصبے شعفاط سے دو فلسطینی بچوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حراست میں لیے گئے فلسطینی بچوں کی عمریں 16 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بیت المقدس میں یہودی کالونیوں کے درمیان چلنے والی لوکل ٹرین پر سنگ باری کی تھی جس کے نتیجے میں ٹرین کے شیشے ٹوٹ گئے۔
