(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں کار سوار فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی فوج کی ایک گشتی پارٹی پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجےمیں متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب دو مسلح حملہ آوروں نے شاہراہ 443 پر ’’بیت حورون‘‘ یہودی کالونی کے قریب اسرائیلی فوجیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم دو فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی فوجیوں کو علاج کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔ دونوں زخمی صہیونی فوجیوں کی عمریں بیس سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے فوری بعد اسرائیلی فوج نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا سلسلہ شروع کردیا ہے تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایک کار پرسوار تھے جو فائرنگ کے بعد وہاں سے فرار میں کامیاب ہوگئے ہیں۔