محاصرے کے خلاف قاَئم عوامی کمیٹی کے سربراہ اور ممبر پارلیمنٹ جمال خضری نے بیت لحم کے نزدیک دیوار کی تعمیر کو جاری رکھنے کے اسرائیلی عدالت کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔
خضری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرئیلی فیصلہ 9 جولائی 2004 کو جاری ہونے والے ہیگ کی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کی توہین ہے۔ فیصلے کے مطابق اسرائیلی دیوار کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا اور اس کو گرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ممبر پارلیمنٹ نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی دیوار کی تعمیر فوری طور پر روکی جائے اور ہیگ کی عدالت کے فیصلے کے مطابق جتنی دیوار بن چکی ہے اس کو گرایا جائے اور اس دیوار کے بننے سے متاثر ہونے والے لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے فلسطینی، عرب اور بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی عدالت انصاف کے اس فیصلے کے اطلاق کے لئے کوششیں کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس دیوار سے مغربی کنارے اور یروشلم کے محاصرے اور تنہائی میں مزید اضافہ ہوتا ہے اور اس سے فلسطینی عوام پر پابندیاں عائد ہوتی ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین