(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں دو ماہ قبل فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والا پولیس اہلکار موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی انٹیلی جنس ایجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مسلح افراد نے چند ہفتے قبل محمد علاء النجعمی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا تھا۔ مقتول کے اہل خانہ نے بلاطہ پناہ گزین کیمپ میں رہنے والے مسالمہ نامی خاندان پر قتل کا الزام عائد کیا ہے۔فلسطینی پولیس کے ترجمان کیٹپن لوئی ارزیقات نے بتایا کہ علاء النعمی کو چند ہفتے قبل بلاطہ کیمپ میں خاندانی جھگڑے کے دوران گولیاں مار کر زخمی کر دیا گیا تھا۔ اسے رفیدیا اسپتال میں علاج کے لیے جایا گیا جہاں وہ دو ماہ تک موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دو روز قبل انتقال کر گیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ فائرنگ میں ملوث افراد جانے پہچانے لوگ ہیں۔ ان کی گرفتاری اور عدالت میں پیشی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کا قتل خاندانی تنازع کا شاخسانہ ہے۔ قتل کا اور کوئی سبب نہیں ہے۔