شام کے شہر حمص میں بارود سے بھری ایک کار کے ذریعے کیے گئے دھماکے میں العائدین کیمپ میں کم سے کم تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکہ شہر کی عکرمہ کالونی کی ایک جامع مسجد کے باہر کیا گیا جس میں کئی شامی شہری بھی مارے گئے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق”فلسطین ۔ شام ایکشن گروپ” کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بم دھماکے میں شہید ہونے والے تین فلسطینی نوجوانوں کی شناخت احمد ساعد ، فاروق ابراہیم اور ایہاب الاخرس کے ناموں سے کی گئی ہیں۔ یہ تینوں حمص میں العائدین پناہ گزین کیمپ سے تعلق رکھتے تھے اور اس وقت وہ نماز جمعہ کی ادئیگی کے بعد واپس گھروں کو جا رہے تھے کہ اچانک مسجد کے باہر کھڑی کار دھماکے سے اڑا دی گئی۔ بم دھماکے میں کل نو افراد شہید ہوئے جن میں تین فلسطینی اور چھ شامی باشندے بتائے جاتے ہیں جبکہ دسیوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر دمشق کے سب سے بڑے پناہ گزین کیمپ”یرموک” میں جمعہ کے روز کئی ھاون راکٹ گرے تاہم ان کےنتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ کیمپ ذرائع کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیاں پچھلے دس روز سے بند ہیں اور شہریوں کو خوراک اور ادویات کے حصول میں سنگین مشکلات کا سامنا ہے۔
ادھر جنوبی شام میں درعا شہر کے ایک پناہ گزین کیمپ پر بیرل بموں سے حملوں کی اطلاع ہے جس کے نتیجے میں کیمپ میں کئی مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
