فلسطینی جماعتوں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” اور الفتح کے درمیان مفاہمت کا عمل آگے بڑھانے کے لیے دونوں جماعتوں کی سربراہ ملاقات قاہرہ میں اختتام پذیر ہو گئی۔
قاہرہ میں بدھ کے روز حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور فلسطینی صدرمحمود عباس کے درمیان ملاقات کے موقع پر مصری انٹیلی جنس شعبے کے وزیر مراد موافی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے بعد ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دونوں فلسطینی لیڈروں نے مفاہمت کا عمل تیز تر کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے ہیں اور دونوں جماعتوں کی قیادت ملک میں انتشار کے خاتمے اور صلح کے لیے تیار ہے۔
اس موقع پر حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل نے کہا کہ ان کی صدر محمود عباس کے ساتھ بات چیت مثبت اورخوشگوار ماحول میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت حماس مفاہمت کی منزل کے حصول کے لیے پہلے بھی سنجیدہ کوششیں کرتی رہی ہے اب بھی اہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کےذرائع کے مطابق خالد مشعل اور محمودعباس کے درمیان ہونے والی بات چیت میں آج جمعرات کے روز تنظیم آزادی فلسطین کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ اجلاس میں دو ہفتے قبل قطرمیں قومی حکومت کے سلسلے میں ہوئے مذاکرات کو عملی شکل دینے سے متعلق امور بھی زیربحث آئے۔
فلسطین نیشنل کونسل یا تنظیم آزادی فلسطین کی نئی باڈی کی تشکیل کے لیے کل جماعتی اجلاس آج قاہرہ میں ہو گا جس میں حماس کے سیاسی شعبے سربراہ خالد مشعل، فتح کے لیڈر محمود عباس اور اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل رمضان شلح شرکت کریں گے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

