جنین – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی زندانوں میں انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت قید ایک اور فلسطینی شہری نے حراست میں بلا جواز توسیع کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ اسیر مجد حسن ابو شملہ نے پانچ روز قبل بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق 24 سالہ ابو شملہ کا آبائی تعلق مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر الخلیل سے ہے اور وہ گذشتہ پانچ روز سے مسلسل بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ ابو شملہ کو کئی ماہ قبل اسرائیلی پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ گرفتاری کے بعد اسے انتظامی حراست میں ڈال دیا گیا تھا۔ وہ گذشتہ نو ماہ سے مسلسل انتظامی حراست کے تحت پابند سلاسل ہیں۔ رواں ماہ کے اوائل میں اسرائیلی حکام نے مجد ابو شملہ کی انتظامی حراست میں مزید چار ماہ کی توسیع کا فیصلہ کیا تو ابو شملہ نے اس کے خلاف بھوک ہڑتال کر دی تھی۔