مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القدس بریگیڈ کے ترجمان ابو احمد کی جانب سے میڈیا کو جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ دشمن فوج نے غزہ کی پٹی میں دراندازی، فائرنگ اور شہریوں پرحملوں کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا ہوا ہے۔ جبکہ اس کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کار سیز فائر معاہدے کی شرائط کی پابند کرتے ہوئے کسی قسم کی جوابی کارروائی سے گریز کررہے ہیں۔ تنظیم خبردار کرتی ہے کہ قابض دشمن کی جانب سے امن معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو مجاہدین بھی اپنی بندوقوں کا رخ دشمن کی طرف موڑ لیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام دفاعی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی میں نہتے شہریوں کے گھروں میں گھسنے کی کوشش کرے تو فلسطینی مزاحمت کار اس جارحیت کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے اور غزہ کی پٹی میں ہونے والی کسی بھی دراندازی کا منہ توڑ جواب دیا جائےگا۔ القدس بریگیڈ کا کہنا ہے کہ سیز فائر معاہدے کا مقصد فریقین کی جانب سے اس کی پاسداری ہے جب ایک فریق معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہا ہے تو دوسرے فریق کو بھی جوابی کارروائی کا بھرپورحق حاصل ہے۔
