اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید آلات اور کیمروں سے لیس غبارے فضاء میں چھوڑ دیے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس کے مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ مشرقی بیت المقدس کی کئی کالونیوں کی فضاء میں پراسرار غبارے دیکھے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ مشرقی بیت المقدس میں پچھلے کچھ دنوں سے اسرائیل کے خلاف مظاہروں کا مرکز رہنے والے علاقوں کی پانچ غباروں کی مدد سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ جدید آلات اور کیمروں سے لیس یہ غبارے دن بھر بیت المقدس کی فضاء میں گردش کرتے رہتے ہیں۔ بدھ کے روز بیت حنینا، سلوان، راس العامود، شعفاط اور جبل مبکر کی فضاء میں غبارہ نما ڈرون مسلسل گردش کرتے رہے۔
خیال رہے کہ فضاء میں زیرگردش غباروں میں لگے کیمروں کو بیت المقدس میں پولیس کے کنٹرول روم میں کمپیوٹر سسٹم سے مربوط کیا گیا ہے جو فضاء سے شہر کے مختلف حصوں میں ہونے والی نقل وحرکت کی تصاویر ارسال کرتے ہیں۔ پولیس ان تصاویر کی روشنی میں فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاون کرتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین