مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی مجسٹریٹ عدالت کے حکم پر سنہ 1948ء کے مقبوضہ شہر ام الفحم کے رہائشی تین فلسطینیوں کو رہائی کے بعد ان کے گھروں پر نظربند کیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے تینوں فلسطینیوں کو گذشتہ جمعہ کو بیت المقدس میں ایک فدائی حملہ کرنے والے شہید احمد محامید سے معاونت کے شبے میں گرفتار کیا تھا۔ تاہم خفیہ کیمرے کی فوٹیج میں صرف شہید محامید کو دیکھا جاسکتا ہے۔تینوں فلسطینیوں کو گذشتہ روز رہائی کے بعد ان کے گھروں میں نظر بند کیا گیا۔ خیال رہے کہ جمعہ کے روز بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان احمد محامید کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے اس پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے ایک صیہونی آباد کار پر چاقو سے حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا تھا۔