مقبوضہ مغربی کنارے میں فتح کی حکومت کے خلاف سرکاری ملازمین بالخصوص اساتذہ کو تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کے خلاف احتجاجی تحریک جاری ہے۔ ٹیچرز یونین کے زیر اہتمام مغربی کنارے میں آج جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں جبکہ تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیوں کا بائیکاٹ بھی جاری ہے۔
ٹیچرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد صوان نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ تنظیم نے اپنے اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ پیر کے روز مغربی کنارے کے تمام تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں بند رکھی جائیں گی اور رام اللہ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ ‘ہم نے مغربی کنارے کے تمام اسکول اساتذہ سے تعلیمی بائیکاٹ کی حمایت میں تدریسی سرگرمیاں بند رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔’
محمد صوان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف استادوں کے ساتھ محکمہ تعلیم کے دیگر ملازمین بھی ہڑتال پر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کے روز کے تدریسی بائیکاٹ سے پیدا ہونےوالی کمی کو منگل، بدھ اور جمعرات کے دنوں میں اضافی کلاسوں کے ذریعے پورا کیا جائے گا۔ صوان نے بتایا کہ اساتذہ اپنے حقوق کے حصول تک روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کریں گے۔ اس سلسلے میں آئندہ اتوار کو ملک گیر ہڑتال کی بھی کال دی گئی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
