مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بدھ کو ہزاروں صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کے تاریخی مقام ’دیوار براق‘ کے سامنے جمع ہو کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات اور دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر صیہونی اشرار کو پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بدھ کو علی الصباح اسرائیلی فوج اور پولیس نے مسجد اقصیٰ کےاطراف میں تمام راستوں کی ناکہ بندی کردی تھی۔ صرف صیہونی آباد کاروں کو مسجد اقصیٰ کی طرف جانے کی اجازت دی جا رہی تھی۔اسرائیلی فوج اور پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں ہزاروں صیہونی گروپوں اورٹولیوں کی شکل میں قبلہ اوّل میں داخل ہوئے اور مقام براق پرجمع ہو کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کیں۔
خیال رہے کہ یہودی ان دنوں ’عید العرش‘ نامی مذہبی تہوار منا رہے ہیں۔ اس تہوار کی آڑ میں یہودی ایک ہفتے تک قبلہ اوّل کا تقدس پامال کرتے رہے ہیں۔
ادھر فلسطینی محکمہ اوقاف کی طر ف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کے روز 382 صیہونی آباد کاروں نے قبلہ اوّل میں گھس کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ اس موقع پر صیہونی آباد کاروں کو قبلہ اوّل میں داخلے کی کھلی چھٹی فراہم کی گئی تھی جب کہ فلسطینیوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا تھا۔