(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران قابض صہیونی فوجیوں نے ایک فلسطیبی بچے کے سرمیں قریب سے گولی ماردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا ہے۔ زخمی بچے کو اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیت المقدس میں العیسویہ قصبے کے ایک مقامی سماجی کارکن اور فالو اپ کمیٹی کے رکن محمد ابو الحمص نے بتایا کہ بدھ کو اسرائیلی فوجیوں نے قصبے میں گھروں میں تلاشی کاسلسلہ شروع کیا۔ اس دوران کچھ فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج کی غنڈہ گردی، گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زود کوب کرنے پرسخت احتجاج کیا۔ قابض فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ ان پر دھاتی گولیوں سے بھی فائرنگ کی۔
اس دوران قابض فوجیوں نے احمد توفیق ابو الحمص نامی لڑکے کے سر میں گولی ماردی۔ زخمی بچے کو سرجری کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ بدستور انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرعلاج ہے۔
