فلسطینی محکمہ مالیات کے سربراہ ڈاکٹر جہاد الوزیر نے کہا ہے کہ ان کے ترکی کے کئی بنکوں کےساتھ معاہدے ہوئے ہیں جو غزہ کی پٹی میں اپنی آن لائن برانچیں قائم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی عہدیدار نے بتایا کہ ترکی میں قائم کئی نجی بنک غزہ کی پٹی میں اپنا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے غزہ شہرمیں اپنی شاخیں کھولنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
جہاد الوزیر کا کہنا تھا کہ وہ ترکی کے بنکوں اور مالیاتی اداروں کے درمیان رابطوں میں ہیں۔ اس سلسلے میں پیش آئند ایام میں رابطے مزید بڑھائے جائیں گے جس کے بعد ترک بنکار غزہ کی پٹی میں اپنے بنکوں کی شاخیں کھولنے کے لیے شہرکا دورہ بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی میں ترک بنکوں کی شاخوں کے قیام سے فلسطینی معیشت کی مضبوطی کےساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بھی مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

