(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) رپورٹ کے مطابق فلسطینی تنظیم تحریک فتح کے ایک اہم رہنما اور جماعت کے سیکیورٹی امور کے انچارج کو جنوبی شہر صیدا میں قائم پناہ گزین کیمپ ’’عین حلوہ‘‘ میں کار بم دھماکے کے ذریعے ہلاک کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ تحریک فتح کے رہنما فتحی زیدان کو منگل کو عین حلوہ پناہ گزین کیمپ میں بارود سے بھری ایک کار کے ذریعے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔رپورٹ کے مطابق منگل کے روز عین حلوہ کیمپ میں المیہ ومیہ کے مقام پر ایک بارود سے بھری کار فتحاوی رہنما فتحی زیدان کی رہائش گاہ کے دروازہ کے قریب دھماکے سے اڑا دی گئی۔ اس وقت فتحی زیدان اپنے گھر سے نکل کر کہیں جانے کی تیاری کررہے تھے کہ اچانک قریب کھڑی کار دھماکے سے پھٹ گئی۔ جس کے نتیجے میں فتحی زیدان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم فتح کی قیادت کاکہنا ہے کہ یہ ایک قاتلانہ حملہ تھا جس میں دشمن عناصر نے فتحی زیدان کو طے شدہ منصوبے کے تحت نشانہ بنایا ہے۔
