فلسطینی صدر محمود عباس کی جماعت الفتح نے مصری فوج کے مستعفیٰ سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کی جانب سے پیش آئند صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا خیرمقدم کیا ہے
اور کہا ہے کہ جنرل السیسی کی قیادت میں مصر اپنی عظمت رفتہ کی بحالی، قائدانہ کردار اور رعب دوبارہ حاصل کر لے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق الفتح کے سیکرٹری جنرل جبریل الرجوب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ "فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی نے مصر کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر کے درست فیصلہ کیا ہے۔ ہم ان کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اپنی جانب سے ہرممکن تعاون کا بھی یقین دلاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل ایک باصلاحیت فوجی سربراہ رہے ہیں۔ وہ مصر کو بھی موجودہ بحران سے نکالنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کی قیادت میں مصر اپنا رعب اور کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کر سکتا ہے۔ اس کے علاوہ فیلڈ مارشل ریٹائرڈ السیسی پورے خطے، مصر، عرب ممالک، اسلامی دنیا اور فلسطینی ریاست کے لیے بھی ایک ٹھوس ضمانت ہیں۔
جبریل الرجوب کا مزید کہنا تھا کہ مصر موجودہ حالات میں سنگین داخلی سیاسی بحران کا شکار ہے۔ ملک کو جنرل السیسی جیسا "بہادر” لیڈر ہی نکال سکتا ہے۔ مصر کا علاقائی اور عالمی مسائل کے حل میں بھی ٹھوس کردار رہا ہے جو پچھلے چند سال سے جاری بحران کے باعث کمزوری کا شکار ہوا ہے، تاہم جنرل السیسی کے صدر بننے سے ملک مستحکم اور مزید پرامن ہو گا۔
