مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیلجیم کے ایک اخبار’’لو سوار‘‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایوان میں فلسطینی ریاست کی حمایت میں ارکان کی اکثریت ہے اور امکان ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق بیلجیم کی پارلیمنٹ میں فلسطینی ریاست کی حمایت میں قرارداد کی منظوری کے بعد بیلجیم سویڈن کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنے والا دوسرا اہم یورپی ملک بن جائے گا۔ اخبار نے لکھا ہے کہ بیلجیم کے حکمراں اتحاد میں چار بڑی سیاسی جماعتیں شامل ہیں جو سب فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی حامی ہیں۔
خیال رہے کہ بیلجیم میں فلسطینی ریاست کوتسلیم کرنے کی قرارداد ایک ایسے وقت میں تیار کی جا رہی ہے جب یورپی ممالک میں فلسطین کی حمایت میں تیزی کے ساتھ فضاء سازگار ہو رہی ہے۔ پرسوں منگل کو فرانسیسی پارلیمنٹ نے بھی فلسطینی ریاست کی حمایت میں ایک قرارداد بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کی ہے۔
قرارداد میں بیت المقدس کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت قرار دیا گیا ہے۔ رائے شماری کےدوران 339 ارکان نے قرارداد کی حمایت،151 نے مخالفت جب 16 نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ فرانسیسی پارلیمنٹ میں فلسطین کی حمایت میں پیش کی گئی قرارداد کی منظوری پرعرب لیگ کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
