(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج منگل کے روز بیت لحم کے علاقے کسان پر فوجی بلڈوزروں کے ہمراہ داخل ہوگئی اور وہاں پر موجود فلسطینیوں کی زرعی زمین کو تباہ کردیا۔
مقامی سماجی کارکنان نے بتایا کہ اسرائیلی بلڈوزروں نے یہودی بستیوں میں توسیع کی خاطر زرعی زمین کو ہموار کردیا۔ یہ زمین غیر قانونی طور پر قائم کردہ یہودی بستی حنانل کے قریب واقع ہے۔اس کے علاوہ اسرائیلی حکام نے بیت لحم کے جنوب میں واقع خضر قصبے سے سات فلسطینی عمارتوں کو خالی کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق غوش عتصیون یہودی بستی کے رہنے والے آبادکاروں نے ان عمارات کے رہائشیوں سے متعلق شکایت درج کروائی تھی۔
اسرائیلی حکام نے دو سالوں کے اندر اندر ان تمام عمارات کو گرا دینے کا حکم بھی جاری کیا۔ ان کا جرم یہی ہے کہ وہ فلسطینی زمین پر قائم غیر قانونی یہودی بستی الیزر کے قریب واقع ہیں۔