مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم میں شادی کی ایک تقریب پر یہودی آباد کاروں کی فائرنگ سے جمعرات کے روز ایک فلسطینی نوجوان زخمی ہو گیا۔ یہ واقعہ بیت لحم کی جنوبی میونسپلٹی الخضر میں پیش آیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے بتایا کہ مروان عزات ابو صوی نامی فلسطینی نوجوان الخضر بلدیہ کے ام رکبہ علاقے میں شادی کی ایک تقریب میں موجود تھا کہ اچانک یہودی آبادکاروں نے باراتیوں کی جانب فائرنگ شروع کر دی۔
اس موقع پر ایک گولی مروان کی کمر میں لگنے کے بعد پیٹ پھاڑتی ہوئی جسم سے باہر نکل گئی۔ مروان کو شدید زخمی حالت میں بیت جالا کے سرکاری ہسپتال منتقل لیجایا گیا جہاں ان کا ہنگامی آپریشن جاری تھا۔
بلدیہ الخضر سے تعلق رکھنے والے مقامی ذرائع کا کہنا ہے اس واقعہ کے بعد فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان پرتشدد تصادم شروع ہو گیا۔ قابض فوج نے فلسطینیوں کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس اور ربڑ کی گولیاں فائر کیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین