اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے مغربی کنارے کے ہر شہر اور ٹاؤن میں فلسطینی اراضی پر قبضہ کر کے اسرائیلی فوجی اڈے بنائے ہوئے ہیں۔ شہر بیت لحم میں موجود اسرائیل کے ایک عسکری اڈے پر فلسطینی نوجوانوں میں اپنا پرچم لہرا دیا ہے۔
عینی شاہدین نے خبر رساں ایجنسی قدس پریس کو بتایا کہ فلسطینی نوجوانوں کے ایک گروہ نے ہفتہ کے روز ایک احتجاجی ریلی نکالی، اس ریلی میں یہودی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینی شہریوں کی اراضی پر زبردستی قبضہ کرنے کی مذمت کی گئی۔ ریلی شاہراہ القدس ۔ الخلیل پر سے گزر رہی تھی کہ انتہاء پسند یہودیوں نے ریلی کے شرکاء پر حملہ کر دیا۔ دونوں طرف سے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا جاتا رہا تاہم جب تک اسرائیلی فوج موقع پر پہنچتی یہودی آباد کار فرار ہو چکے تھے۔
ریلی کے شرکاء نے فلسطینی پرچم تھام رکھے تھے۔ مظاہرین نے اسرائیلیوں کی جانب سے فلسطینی مقدس مقامات اور مساجد پر حملوں کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس دوران ایک فلسطینی نوجوان کسی نہ کسی طرح اسرائیلی فوجی اڈے میں داخل ہو گیا اور اس نے اڈے کی دیوار پر فلسطینی پرچم لہرا دیا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
