اسرائیل کے ایک عبرانی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے تل ابیب میں ایک اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیت المقدس میں یہودی آبادکاروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اگر یہودیوں کے تحفظ کے لیے طاقت بھی استعمال کرنا پڑتی ہے تو کی جائے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق نیتن یاھو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منگل کے روز ایک یہودی معبد میں حملہ کرنے میں ملوث فلسطینیوں کے مکانات مسمار کردیے جائیں۔ انہوں نے بیت المقدس اور اس کے مضافات میں پولیس اور فوج کی تعداد میں اضافے کی بھی ہدایت کی۔
خیال رہے کہ کل منگل کے روز بیت المقدس میں ایک یہودی معبد میں فائرنگ کے واقعے میں کم سے کم پانچ یہودی آباد کار ہلاک اور سات زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کے فوری بعد صہیونی وزیراعظم نے ایک اہم اجلاس بلا لیا تھا۔ اجلاس میں وزیر برائے داخلی سلامتی یتزحاق اھرونوفٹیچ، وزیر دفاع موشے یعلون، داخلی سلامتی کے خفیہ ادارے "شاباک” کے چیف یورام کوھین اور پولیس کی قیادت نے بھی شرکت کی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
