(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں اسرائیل کے ایک تجارتی مرکز ’تل بیوت‘ میں ایک فلسطینی نوجوان نے چاقو کے حملے میں یہودی آبادکار کو زخمی کردیا۔ حملہ آور کارروائی کے بعد بہ حفاظت فرار ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک نامعلوم فلسطینی نوجوان نے ایک تجارتی مرکز میں گھس کر یہودی آباد کار پر چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ تاہم حملہ آور کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے بحفاظت فرارہوگیا۔ پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا ہے تاہم کسی شخص کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔قبل ازیں جمعرات کے روز مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں ارئیل یہودی کالونی کے قریب اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے دو فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی نوجوانوں نے ایک یہودی خاتون اہلکار پر چاقو سے حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا تھا۔
فلسطینی وزارت صحت نے شہید ہونےوالے شہریوں کی شناخت 20 سالہ عبدالرحمان الکار اور 19 سالہ علی جمال طقاطقہ کے نام سے کی ہے اوردونوں کا تعلق بیت لحم کے قصبے بیت فجار سے بتایا جاتا ہے۔
