فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات نے فلسطینی ہلال احمر کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطینی لڑکی کے زخمی ہونے کی اطلاع ملتے ہی طبی عملا جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دیا گیا تھا۔ فلسطینی لڑکی کی ٹانگ میں گولی لگی تھی جس کے باعث اس کی حالت کافی تشویشناک تھی۔ ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان کا طبی عملہ زخمی لڑکی کے قریب نہ جانے دیا۔ وہ کئی گھنٹے تک خون میں لت پت سڑک پر پڑی رہی۔
ادھر فلسطینی وزارت صحت نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ قلندیا چیک پوسٹ پر اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی لڑکی کو گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ زخمی لڑکی کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں اور اسے اسرائیل کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
ادھر اسرائیلی پولیس نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی لڑکی کو اس وقت گولیاں ماری گئیں جب اس نے ایک پولیس اہلکار پر چاقو سے حملے کی کوشش کی تھی۔