رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی وزیر برائے مذہبی امور الشیخ یوسف ادعیس نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو روز مرہ کی بنیاد پر صیہونی شرپسندوں کی اشتعال انگیز کارروائیوں اور خطرناک حملوں کا سامنا ہے۔ مسلمانوں کے تیسرے مقدس ترین مقام کے دفاع کے لیے صرف بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک بیان میں فلسطینی وزیر نے گذشتہ روز سیکڑوں صیہونیوں کے قبلہ اوّل پر بلوے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ صیہونی شرپسند گروپ مسجد اقصیٰ کو شہید کرکے اس کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی راہ ہموار کررہے ہیں۔یوسف ادعیس کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ کےدفاع کے لیے صرف باتوں کی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام اور عرب ممالک کی طرف سے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ قبلہ اوّل سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں تاکہ صیہونی اشرار کےہاتھوں قبلہ اوّل کو لاحق خطرات کا تدارک کیا جاسکے۔
خیال رہے کہ صیہونی انتہا پسند تنظیموں کی اپیل پر گذشتہ روز سیکڑوں صیہونی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولا اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔ اس موقع پر فلسطینیوں نے صیہونی آباد کاروں کو روکنے کی کوشش کی جس پراسرائیلی فوج اور پولیس نے فلسطینی شہریوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔