(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی جیل میں بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف بہ طور احتجاج 95 دن مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی صحافی محمد اسامہ القیق کی صحت میں بہ تدریج بہتری آ رہی ہے اور وہ رفتہ رفتہ روبہ صحت ہیں۔
اسیرصحافی کی اہلیہ فیحاء شلش نے بتایا کہ طویل بھوک ہڑتال نے ان کے شوہر کی صحت پر گہرے منفی اثرات مرتب کیے ہیں تاہم اب آہستہ آہستہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں فیحا شلش نے بتایا کہ صہیونی اسپتال میں ان کے شوہرکا علاج مناسب طریقے سے نہیں ہو رہا ہے جس کے باعث ان کےشوہر کی صحت میں تیزی سے بہتری کے اثرات دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ القیق کو ابھی علاج کے کئی مراحل سے گذرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جیل میں اپنی بلا جواز انتظامی حراست کے خلاف 95 دن تک مسلسل بھوک ہڑتال کرنے والے صحافی محمد القیق کا وزن 30 کلو گرام تک کم ہوگیا تھا اور ان کی صحت پر بدترین اثرات مرتب ہوئے تھے۔
