برطانوی پارلیمنٹ ہائوس کی چھت تلے منعقدہ سیمینار سےخطاب کرتے ہوئے برطانیہ کے رکن پارلیمنٹ جیرمی کوربن نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست میں ضم کرنا قطعی غیر قانونی ہے۔ عالمی قانون کی رو سے بیت المقدس اسرائیل کا حصہ نہیں بلکہ ایک مقبوضہ علاقہ ہے۔ فلسطینیوں ، عربوں اور اسرائیل کےدرمیان کوئی بھی معاہدہ اس وقت تک طے نہیں پا سکتا جب تک بیت المقدس کے تنازع کا حل نہ نکالا جائے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بطانیہ میں عرب انسانی حقوق گروپ کے چیئرمین محمد جمیل نے کہا کہ "بیت المقدس عرب ۔ اسرائیل تنازع کا مرکزی نکتہ ہے۔ جب تک بیت المقدس کا مسئلہ حل نہیں ہوگا اس وقت تک خطے میں قیام امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ اسرائیل کی جانب سے بیت المقدس میں تمام تراقدامات عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں اور بین الاقوامی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں۔
انسانی حقوق کے مندوب نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بیت المقدس میں اسرائیل کے منظم ریاستی مظالم، جرائم اور یہودی آباد کاری جیسے غیرقانونی ہتکنڈوں کا نوٹس لے۔
کانفرنس سے رام اللہ سے فلسطینی رکن پارلیمنٹ احمد عطون نے اسکائپ کے ذریعے خطاب کیا۔ خیال رہے کہ احمد عطون بیت المقدس سے فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں لیکن اسرائیل نے انہیں بیت المقدس سے بے دخل کررکھا ہے۔ احمد عطون نے بیت المقدس کو اسرائیل کی جانب سے درپیش چیلنجز اور خطرات پر تفصیل سے رشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کو اسرائیل نے یہودی آباد کاری کے لیے مباح قرار دے رکھا ہے۔ فلسطینیوں کے مکانات مسمار اور ان کی املاک کو غصب کرکے انہیں وہاں سے نکالنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ بیت المقدس کے دو ارکان پارلیمنٹ کو وہاں سے بے دخل کرکے ان کی القدس کی شہریت منسوخ کی گئی ہے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فوج داری قانون کے ماہر کیفن ھیلرنے کہا کہ بیت المقدس میں اسرائیلی سرگرمیاں "ریاستی جرائم” کے زمرے میں آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس میں اسرائیلی اقدامات کو عالمی فوج داری عدالت میں اٹھایا جاسکتا ہے کیونکہ ان جرائم کا تعلق عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کے منتخب ارکان پارلیمنٹ کو بے دخل کرنا، فلسطینیوں کی شہریت منسوخ کرنا ، ان کی املاک غصب کرنا اور مکانات مسمار کرنا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں جن پر صہیونی ریاست کے خلاف مضبوط مقدمہ تیار کیا جاسکتا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین