(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ لبنان سے ایک روز قبل وہاں پرمقیم فلسطینی پناہ گزینوں نے ’یو این‘ امدادی ادارے’اونروا‘ کی پالیسیوں کے خلاف سخت احتجاج کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز بیروت میں ’’الاسکو‘‘ کے ہیڈ کواٹر کے باہر سیکڑوں فلسطینی پناہ گزین جمع ہوئے اور انہوں نے اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی ’اونروا‘ کے خلاف سخت احتجاج کیا۔فلسطینی مہاجرین کی جانب سے یہ احتجاج ’اونروا‘ کی طرف سے پناہ گزینوں کی صحت اور تعلیم سے متعلق سروسز کو محدود کرنے کے فیصلوں کے خلاف کیا ہے۔ مظاہرین کل جمعرات کو بھی بیروت میں احتجاجی جلوس نکالیں گے۔
خیال رہے کہ فلسطینی پناہ گزین نے ایک ایسے وقت میں احتجاجی سلسلہ شروع کیا ہے جب کل جمعرات کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون لبنان کے ایک روزہ دورے پر بیروت پہنچ رہے ہیں۔
بیروت میں الاسکو کے ہیڈ کواٹر کے باہر دھرنا دینے والے فلسطینی پناہ گزینوں کی جانب سے قائم کردہ کرائسز سیل کمیٹی کے رکن ابو النایف نے ایک بیان میں کہا کہ وہ بان کی مون کو یہ پیغام دینا چاہتے کہ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی’اونروا‘ فلسطینی مہاجرین کے خلاف انتقامی سیاست پرعمل پیرا ہے۔ لبنان میں فلسطینی مہاجرین کی صحت اور تعلیم سمیت کئی دوسرے شعبوں میں ہونے والی سروسز کو محدود کرکے پناہ گزین کےغم وغصے کو بڑھایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے قائم کردہ ریلیف ایجنسی ’اونروا‘ کی جانب سے چند ماہ قبل فنڈز کی قلت کا بہانہ بنا کر تعلیم اور صحت کے شعبے میں دی جانے والی مراعات واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ اونروا کا کہنا ہے کہ شام اور دوسرے ملکوں میں انسانی بحران کے باعث امداد دینے والے ممالک کی طرف سے ادارے کو امداد کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث اسے امدادی خدمات کو محدود کرنا پڑا ہے۔
