مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی شہری کو جیل سے بارہ سال بعد رہا کرنے کے فوری بعد دوبارہ حراست میں لے لیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت المقدس میں اہالیان اسیران کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بیت المقدس سے تعلق رکھنے والے موسیٰ محمد درویش کو 12 سال قید رکھنے کے بعد رہا کیا اور کچھ ہی دیر بعد اسے دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ اسیر محمد درویش کو جزیرہ نما النقب کی جیل میں قید کیا گیا تھا، جہاں گذشتہ روز اسے اس کی قید کی مدت پوری ہونے پر رہا کیا گیا مگر رہائی کے فوری بعد اسرائیلی انٹیلی جنس حکام نے اسے دوبارہ گرفتار کرلیا۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ درویش کی رہائی سے چندے قبل اسرائیلی انٹیلی جنس کی گاڑی جیل کے باہر آکر کھڑی ہوئی جہاں کچھ ہی دیر کے بعد اسیر کو رہا کیا گیا۔ جیل سے باہر نکلتے ہی اسرائیلی خفیہ اداروں نے اسے گاڑی میں ڈالا اور کسی نامعلوم مقام پر لے گئے۔