اسرائیل کے نائب وزیر دفاع ڈانی ڈانون نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری آج پیر کے روز اسرائیل پہنچ رہے ہیں۔ اس بار وہ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان مفاہمت کے حوالے سے
ایک نیا امن فارمولہ بھی ساتھ لے کر آئے ہیں، تاہم اس مفاہمتی فارمولے کی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
اسرائیلی حکومت کے ایک سرکاری ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ فوجی ریڈیو سے گفتگو کے دوران نائب وزیردفاع نے کہا کہ جان کیری پیر کے روز اسرائیل پہنچیں گے جہاں وہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے ساتھ ملاقات کے بعد فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں جان کیری فریقین میں امن معاہدے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اسرائیل کے نائب وزیردفاع کا کہنا تھا کہ ان کا ملک سنہ 1967ء سے قبل والی پوزیشن پر واپس نہیں جائے گا البتہ بیت المقدس کے مستقبل کی حیثیت طے کرنے کے لے اسے مذاکرات کےایجنڈے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم نیتن یاھو بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کے موقف کی حمایت کرنے کی کوشش کریں گے تو ان کی اپنی جماعت” لیکوڈ” اس کی اجازت نہیں دے گی۔
