اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی اسیران سے اظہار یکجہتی کے لئے ہونے والی احتجاجی ریلیوں کے موقع پر مقبوضہ بیت المقدس کی متعدد رہائشی کالونیوں اور مہاجر کیمپوں میں صہیونی فوجیوں اور مظاہرین کے درمیاں جھڑپیں ہوئیں جن میں کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔
پرانے القدس شہر کی جنوبی میونسپلٹی سلوان میں فلسطینی نوجوانوں اور سیکیورٹی فورسسز میں ہونے والی لڑائی میں کئی فلسطینی زخمی ہو گئے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے کی جانے والی آنسو گیس شیلنگ سے نئی نوجوان زخمی ہوئے۔ شمالی القدس کی میونسپلٹی العیسویہ میں ایک نو سالہ بچہ سر میں گولی لگنے سے زخمی ہوا، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
یہ جھڑپیں جمعہ کی شب اس وقت شروع ہوئیں جب اسرائیلی حکام نے 200 دنوں سے احتجاجی بھوک ہڑتال کرنے والے قیدی سامر الیعساوی سے اظہار یکجہتی کے لئے لگائے گئے کیمپ اکھاڑنے کی کارروائی شروع کی، جس کے بعد جھڑپوں کا آغاز ہوا۔ مظاہرین کے پتھراؤ، شیشے کی خالی بوتلوں کے حملے سے کئی اسرائیلی فوجی بھی زخمی ہوئے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
