اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق صہیونی حکومت نے القدس میں یہودی بستیوں کی تعمیر میں توسیع کرنے کے لیے چھ ملین ڈالرز کی منظوری دیدی ہے۔ عبرانی روزنامے ’’معاریف‘‘ کے مطابق حکومت نے اس مقصد کے لیے دو کروڑ 20 لاکھ شیکل (چھ ملین ڈالرز) مختص کردیے ہیں۔
القدس پر قبضے کو چھیالیس سال مکمل ہونے کی یاد میں جاری کی جانے والی ان رقوم کو القدس میں یہودی آباد کاری کی سرگرمیوں میں استعمال کیا جائے گا۔ روزنامے کا کہنا ہے کہ عنقریب اسرائیلی حکومت مقبوضہ بیت المقدس میں یہودی آباد کاری کے منصوبے شروع کرنے کے لیے مختلف سہولیات کی فراہمی شروع کردیگی۔ اس ضمن میں اسرائیلی اکیڈمک تنظیموں، عجائب گھروں اور دیگر عمارتوں کی تعمیر کے لیے اراضی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب اسرائیلی ہاؤسنگ منسٹر اوری ارییل نے القدس کی مشرقی کالونی القطمون کے انفراسٹرکچر کی مرمت اور تعمیر نو کے لیے رقوم مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر نے حکومت کی جانب سے القدس پر قبضے کی یاد میں یہودی آباد کاری کے اس منصوبے کے لیے فنڈز مختص کیے جانے کے عمل کو بھی سراہا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
