مقبوضہ بیت المقدس میں ایک بار پھر اس وقت حالات سخت کشیدہ ہوگئے جب بابرکت شہر کے وسطی شعفاط کیمپ کے قریب واقع اسرائیلی چیک پوسٹ کے اسرائیلی اہلکاروں علاقے پر دھاوا بول دیا، اسرائیلی فوج کےجواب میں فلسطینی نوجوانوں نے صہیونی فورسز پر پتھراؤ شروع کر دیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر اشک آور زہریلی گیس کا بے دریغ استعمال کیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ جھڑپوں کی وجہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد کی علاقے میں موجودگی اور ایک فلسطینی نوجوان کی گرفتاری بنی۔ صیہونی فوج نے شعفاط کیمپ میں داخل ہو کر کیمپ میں موجود نوجوانوں پر حملے شروع کر دیے۔
قبل ازیں مشرقی القدس کی العیسویہ کالونی میں بھی فلسطینی نوجوانوں اور قابض اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے مابین شدید جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب صہیونی بلدیہ کے سربراہ انتہاء پسند نیر برکات نے علاقے کا دورہ کیا، نیر برکات کی آمد پر فلسطینی نوجوانوں نے ان کا پتھروں اور گھریلو ساختہ پٹرول بموں سےاستقبال کیا۔
ادھر اسرائیلی فوج کی جارحانہ کارروائیوں کی بدولت مقدس شہر کی اولڈ میونسپلٹی کے علاقے حارہ میں بھی جھڑپیں ہوئیں جس میں متعدد فلسطینی نوجوان اور دو اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہو گئے۔

