مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے العیسویہ میں فلسطینی نوجوانوں کی اسرائیلی فوج کے ساتھ خوفناک جھڑپوں کے دوران درجنوں فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔
جھڑپیں صہیونی فوج کی جانب سے ایک فلسطینی کے گھر پر حملے کے بعد شروع ہوئیں۔ صہیونی فوج ایک بیس سالہ فلسطینی نوجوان ایوب بہاء عبید کو صہیونی فورسز پر پتھراؤ کرنے کے جرم میں گرفتار کرنا چاہتی تھی۔
’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے نے بتایا کہ یہ جھڑپیں بیت المقدس کے نوجوانوں اور اسرائیلی فوج اور پولیس کے مابین العیسویہ میں موجود ایک پرائمری اسکول کے قریب رات گئے شروع ہوئیں۔ ان جھڑپوں میں فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی فوج پر شدید پتھراؤ کیا۔ متعدد عینی شاہدین نے بتایا کہ پتھراؤ کی زد میں آ کر دو فوجی شدید زخمی ہو گئے۔ ادھر اسرائیلی فورسز کی جوابی کارروائیوں میں درجنوں فلسطینی نوجوان بھی زخمی ہوئے۔
موقع پر موجود ایک عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک اسرائیلی فوجی کے پاؤں جبکہ دوسرے کے کندھے پر پتھر لگنے سے شدید زخم آئے جبکہ اسرائیلی فوج کی جانب سے اشک آور گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیوں کی بوجھاڑ کی زد میں درجنوں نوجوان آئے۔

