اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق، صہیونی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس میں مذہبی بنیادوں پر ایک چودہ منزلہ عمارت تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ یہ عمارت 35 میٹر بلند ہوگی، شیشوں سے مزین اور دور سے ہی نظر آنے والی اس عمارت کو سائنس دان آئین اسٹائن کا وراثتی مرکز قرار دیا جائے گا۔
آئین اسٹائن سے منسوب اس مرکز کی عمارت کی تعمیر القدس کے علاقے جبل زیتون پر اسرائیلی پلاننگ اینڈ بلڈنگ کمیٹی کے منصوبے کے مطابق کی جائے گی۔ اس بلند مقام پر تعمیر کے باعث شہر کے تمام علاقوں سے اس عمارت کو دیکھا جاسکے گا۔
کثیرالاشاعت اسرائیلی روزنامے ’’ھارٹز‘‘ کے مطابق اس سنٹر کا قیام دو سال قبل شروع کیے گئے قومی ورثے کےتحفظ کے منصوبوں کے ضمن میں عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس منصوبے میں اسرائیلی وزیر اعظم ہاؤس کے شعبہ آثار قدیمہ، ایوان صدر، القدس کی اسرائیلی بلدیہ، عبرانی یونیورسٹی شریک ہیں۔ اسرائیلی صدر شمعون پیریز اور تمام متعلقہ اداروں نے بھی منصوبے کی منظور دیدی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین