اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم یہودی کالونیوں میں سیکڑوں مکانات کی تعمیر کا منصوبہ تیار کر لیا ہے جس کا جلد ہی اعلان کیا جائے گا۔
اسرائیل کی عبرانی زبان میں نیوز ویب پورٹل "وللا” کے مطابق اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس کی کالونیوں میں 1100 فلیٹس کی تعمیر کے لیے جلد ہی مارکیٹنگ کا آغاز کرنے والا ہے۔
مکانات کی تعمیرات کا منصوبہ تقریبات مکمل ہے، صرف اعلان ہونا باقی ہے جو جلد ہی کرلیا جائے گا۔
رپورٹ میں صہیونی حکومت کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ مکانات دراصل فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ مذاکرات کے دوران فلسطینی قیدیوں کے چوتھے مرحلے میں رہائی کے اعلان کا حصہ ہے۔ فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات معطل ہوگئے ہیں مگر اسرائیل یہودی کالونیوں میں مکانات کی تعمیر کے اعلان پر قائم ہے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکومت کے ایک حالیہ اجلاس میں بیت المقدس اور مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے لیے نئے مکانات کی تعمیر کے منصوبے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ حکومت کو اپنے شیڈول کے مطابق یہودی توسیع پسندی کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔
اخباری رپورٹس کے مطابق اسرائیل پیش آئندہ ایام میں مغربی کنارے کی یہودی کالونیوں ” ارائیل”، "گوش عتصیون”، جنوبی بیت لحم کی "الفی منشیہ” اور دیگر کالونیوں میں گیارہ سو مکانات تعمیر کرے گا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
