مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے نوماہ سے پابند سلاسل بزرگ فلسطینی رہنما اور اسلامی تحریک کے امیر الشیخ رائد صلاح رہا کر دیا ہے۔
الشیخ رائد صلاح کے وکیل نے خبر رساں ادارے’اناطولیہ‘ کو بتایا کہ صہیونی فوج کی طرف سے انہیں بتایا گیا ہے کہ الشیخ رائد صلاح کو جیل سے رہا کردیا گیا ہے مگر رہائی کے بعد انہیں کسی خفیہ مقام پر لے جایا گیا ہے۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الشیخ رائد صلاح کو صحرائی جیل ‘نفحہ‘ سے رہا کیا گیا ہے مگر اس کے بعد انہیں کسی خفیہ مقام پر لے جایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی سپریم کورٹ نے 18 اپریل 2016ء کو الشیخ رائد صلاح کو نو ماہ قید کی سزا کا حکم دیا تھا۔ ان پر نو سال قبل بیت المقدس میں جمعہ کی ایک تقریر کی بنیاد پر مقدمہ چلایا گیا اور یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ الشیخ رائد صلاح نے وادی الجوز کے مقام پر جمعہ کے خطے میں اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیز زبان استعمال کی تھی۔ اسی مقدمہ میں الشیخ رائد صلاح پہلے بھی 11 ماہ قید کاٹ چکے ہیں مگر اسرائیلی استغاثہ کا کہنا تھا کہ انہیں دی گئی سزا ناکافی تھی۔ گذشتہ کئی ماہ سے الشیخ رائد صلاح قید تنہائی میں ہیں۔