رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی جہاد کے اسیر رہنما الشیخ خضر عدنان نے اسرائیلی ریاست کے مظالم کے خلاف 31 روز سے بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال جاری رکھی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق خضرعدنان کی دو عشرے سے جاری بھوک ہڑتال کے باعث حالت تشویشناک ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے انتقامی کارروائی کے تحت اسلامی جہاد کے رہنما الشیخ خضر عدنان کو مسلسل بھوک ہڑتال کرنے پر رامون جیل میں قید تنہائی میں ڈال دیا تھا۔ دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے الشیخ عدنان کی بھوک ہڑتال اور خرابی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔الشیخ خضر عدنان کے وکیل کا کہناہے کہ ان کے موکل کو تنہائی کی کال کوٹھڑی میں ڈالنے کے بعد ان سے بنیادی ضرورت کی اشیاء جس میں ریڈیو، قلم اور کاغذ، اخبارات اور دیگر سہولیات چھین لی ہیں۔ یہ سب کچھ انہیں بھوک ہڑتال جاری رکھنے کی وجہ سے کیا گیا ہے تاکہ انہیں بھوک ہڑتال ترک کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔
خیال رہے کہ الشیخ خضرعدنان کواسرائیلی فوج نے 11 دسمبر2017ء کو حراست میں لیا تھا۔ ان پر اسرائیلی ریاست کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے سمیت کئی دیگر الزامات عائد کیے ہیں۔ الشیخ عدنان اسرائیلی جیلوں میں طویل بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران میں شامل ہیں۔