جمعرات کی شام الخلیل کے جنوب میں دورا ٹائون میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
عینی شاہد نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے دورا کے مختلف علاقوں پر دھاوا بول دیا جس کے بعد پرتشدد تصادم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ فلسطینی نوجوانوں نے دھاوا بولنے والے فوجیوں پر پتھرائو کیا اور خالی بوتلیں پھینکیں جس کے جواب میں اسرائیلی فوجیوں نے اسٹن گرینیڈ، آنسو گیس اور ربڑ کی گولیاں کی بوچھاڑ کردی۔
اسی دوران اسرائیلی فوج کی ایک بڑی تعداد قدیم الخلیل کے مختلف علاقوں میں تعینات کردی گئی تھی اور انہوں نے علاقے میں متعدد شہریوں کی تلاشی لی۔
عینی شاہد نے بتایا کہ اسرائیلی فوجی مسجد ابراہیمی کے قریب باب الزاویہ کی جانب بھی تعینات کئے گئے تھے۔
اسرائیلی اور فلسطینی اتھارٹی کے فوجیوں نے گزشتہ ہفتوں میں اسیران کی حمایت میں ہونے والے مظاہروں کو باب الزاویہ پر روکنے کی کوشش کی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
