شمالی الخلیل کے قصبے بیت عمار کے نزدیکی گائوں صفا میں اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے ناکے قائم کرنے کے دوران اسرائیلی فوجیوں اور درجنوں فلسطینی نوجوانوں کے درمیان تصادم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے صفا قصبے پر دھاوا بول دیا اور فلسطینی گھروں پر آنسو گیس کے شیل اور گولیاں چلانا شروع کردیں جس کے نتیجے میں تصادم کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
اس تصادم کے دوران شہریوں کے زخمی ہونیکی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نوجوانوں نے دھاوا بولنے والے فوجیوں اور یہودی آبادکاروں پر خالی بوتلیں اور پتھر پھینکے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے اس علاقے پر پہلے بھی کئی بار یہودی آبادکاروں کے ساتھ ملکر حملے کئے ہیں۔
اسی تناظر میں اسرائیلی فوج نے بدھ کی صبح الخلیل کے مختلف حصوں میں سیکیورٹی کے انتظامات سخت کردئیے اور فوجی ناکے قائم کرنا شروع کردئیے۔عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوجی نے ناکے سے گزرنے والی ہر فلسطینی گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
