عوفر کی اسرائیلی فوجی عدالت نے منگل کے روز مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل سے گرفتار کیے گئے چار افراد کو عمر قید اور دیگر سزائیں سنا دیں۔ اذنا ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے ان چاروں افراد پر اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ سے تعلق کا الزام تھا۔
عدالت نے ان چاروں پر ایک یہودی کو قتل کرنے کے الزام میں عمر قید اور اضافی سالوں کی قید کی سزا دی۔ اسیران کی خاتون وکیل احلام حداد نے ”مرکز اطلاعات فلسطین” کو بتایا کہ عدالت نے رائد الحروب اور محمد الحروب کو عمر قید کے ساتھ 60، 60 سال اضافی قید کی سزا سنائی۔ محمد اسماعیل الحروب کو عمر قید اور 20 سال جبکہ علی الحروب کو 26 سال قید کی سزا دی گئی۔ ان سب کا تعلق الخلیل کے اذنا ٹاؤن سے تھا۔
وکیل نے بتایا کہ ان سب پر ایک صہیونی پولیس اہلکار کے قتل اور دیگر دو کو زخمی کرنے کا الزام تھا، انہوں نے یہ کارروائی 14 جون 2010 کو کی تھی۔ اسی طرح 05 مارچ 2008 کو ان پر اذنا ٹاؤن میں ایک یہودی آباد کار زخمی کرنے کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین