مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکا کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کے اسپتالوں کو دی جانے والی 2 کروڑ ڈالر کی امداد بند کیے جانے پر اسپتالوں کی جانب سے شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس کے ایک بڑے اسپتال ’المقاصد‘ نے امداد بند کرنے کے امریکی اعلان کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری حرکت میں آنے کی اپیل کی ہے۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’المقاصد‘ اسپتال کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کی طرف سے امداد بند کرنے کا فیصلہ اچانک نہیں۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب المقاصد اسپتال پہلے ہی نقد رقوم کے بحران کے ساتھ فلسطینی حکومت کی جانب سے قرضوں کی عدم ادائی کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔
پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی حکومت کی جانب سے اسپتال کے 60 فی صد اخراجات پورے کرنے کے باوجود اسپتال کو ماہانہ 40 لاکھ شیکل کے بجٹ کی قلت کا سامنا ہے۔
بیان میں اسپتال نے فلسطینی حکام، عالمی برادری اور عرب ممالک سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ امریکا کے فیصلے کے خلاف حرکت میں آئیں۔ امریکا کی طرف سے امداد کی بندش سے بیت المقدس کے اسپتالوں کے بحران اور مریضوں کی مشکلات میں غیرمعمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکیÂ اور اسرائیلی اخبارات نے انکشاف کیا تھا کہ امریکا نے مقبوضہ بیت المقدس کے اسپتالوں کی کفالت کے لیے مختص 20 ملین ڈالر کا فنڈ بند کردیا ہے۔