فلسطینی وزیر اعظم اسماعیل ھنیہ کے سیاسی مشیر ڈاکٹر یوسف رزقہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کل منگل کے روز اپنے بیرون ممالک کے دوسرے دورے کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ وہ پہلے مصر کے ائیر پورٹ العریش اور پھر وہاں سے خصوصی پرواز کے ذریعے قطر کے دارالخلافہ دوحہ کے روانہ ہونگے۔
ڈاکٹر یوسف رزقہ نے بتایا کہ برادر ملک قطر میں وزیر اعظم امیر قطر سے ملاقات کرینگے اور تمام اہم اور مرکزی معاملات پر گفتگو ہو گی۔ اس ضمن میں اسرائیل کی جانب سے القدس کو یہودی رنگ میں رنگنے، یہودی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینی اراکین پارلیمان کو گرفتار کرنے کے معاملات خصوصی طور پر زیر بحث آئیں گے۔
ڈاکٹر رزقہ نے اسماعیل ھنیہ کے دورہ قطر کو اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ دورہ جماعتی نہیں بلکہ سرکاری سطح پر ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قطر کا یہ سفر بھی وزیر اعظم کے گزشتہ دورے کا ہی تسلسل ہے۔ خیال رہے کہ اسماعیل ھنیہ 2006ءکے فلسطینی انتخابات میں حماس کی کامیابی کے بعد، غزہ کے اسرائیلی محاصرے کے سبب،پانچ سال تک کسی ملک کا دورہ نہ کر سکے تھے، چند ہفتے قبل وہ پہلی مرتبہ بیرون فلسطین کے دورے پر نکلے اور چار عرب ممالک کا کامیاب دورہ کر کے لوٹے ہیں۔

