مصر کے ایوان صدر کے ایک باوثوق ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی جانب سے فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کو ملاقات کا وقت دے دیا گیا ہے۔
جسکے بعد وزیراعظم ھنیہ آج بدھ کو اٹھارہ رکنی وفد کے ہمراہ قاہرہ پہنچیں گے جہاں وہ مصری صدر سمیت دیگر اہم حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مصری ایوان صدر کی جانب سے فلسطینی وزیراعظم کا سرکاری سطح پر استقبال کیا جا ئے گا جس کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ جمعرات کے روز وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کی مصر کے نو منتخب باریش وزیراعظم ڈاکٹر ھشام قندیل کی ساتھ بھی ملاقات متوقع ہے۔ اس کے بعد وہ کل شام ہی کو صدرمحمد مرسی سے ملاقات کریں گے۔ اگر ان کی صدر سے کل ملاقات نہ ہوسکی تو وہ ہفتے کے روز ملاقات ہو گی۔
حماس کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ اپنے ساتھ ایک اٹھارہ رکنی وفد لے جائیں گے جن میں ان کی حکومت کے وزراء کے علاوہ کئی اراکین پارلیمنٹ بھی ہمراہ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسماعیل ھنیہ کے مصری عہدیداروں کے ساتھ مذاکرات میں فلسطینیوں کے درمیان مفاہمتی مساعی اور دو طرفہ تعلقات کا فروغ ایجنڈے کا اہم موضوع ہوں گے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نو منتخب صدرڈاکٹر محمد مرسی کو مصر کا صدر منتخب ہونے پر براہ راست مبارک باد بھی پیش کریں گے۔ ڈاکٹر محمد مرسی کا صدر منتخب ہونے کے بعد اسماعیل ھنیہ کا یہ پہلا دورہ مصر ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
